حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت کے سرکاری وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ میں موجود مجلس کے رکن اسمبلی ماجد حسین ے مدینہ بس حادثہ کے پس منظر میں عوام سے ایک اہم اور حساس اپیل کی ہے۔ اپنے ویڈیو پیام میں انہوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون معتمرین کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جس سے ان کے اہلِ خانہ شدید رنج و تکلیف محسوس کر رہے ہیں۔
ماجد حسین نے واضح کیا کہ کچھ افراد مرحوم خواتین کی وہ ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں جن میں وہ عمرہ ادا کرتی دکھائی دیتی ہیں یا حادثے سے قبل بس میں سفر کرتی نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ویڈیوز کا پھیلانا نہ صرف غیر مناسب ہے بلکہ غمزدہ خاندانوں کے دلوں پر مزید بوجھ ڈال رہا ہے۔
انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ فوراً ایسی تمام سرگرمیوں کو روک دیں اور انسانی ہمدردی کے ناتے اس مشکل گھڑی میں لواحقین کے جذبات کا احترام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ وقت اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے، نہ کہ ایسے مواد پھیلانے کا جو ان کے دکھ میں اضافہ کرے۔‘‘
ماجد حسین نے مزید بتایا کہ جاں بحق معتمرین کی تدفین ابھی عمل میں نہیں آئی ہے اور تمام سرکاری ادارے متعلقہ کارروائی میں مصروف ہیں۔ جیسے ہی تدفین یا دیگر سرکاری کارروائی سے متعلق کوئی مستند اپ ڈیٹ سامنے آئے گا، اسے باضابطہ طور پر عوام تک پہنچایا جائے گا۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1991891624977199597
انہوں نے افواہیں پھیلانے والوں کو متنبہ کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر بھروسہ نہ کریں، بلکہ صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر توجہ دیں۔ اس موقع پر انہوں نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔



