ملک پیٹ ٹی وی ٹاور چوراہے پر خوفناک سڑک حادثہ، تیز رفتار ٹِپر لاری نے لاری کو ٹکر ماردی، علاقہ میں ٹریفک جام (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے حیدرآباد میں منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی شب ایک ٹِپر لاری ملک پیٹ۔دلسکھ نگر روڈ پر خوفناک حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق آصف نگر کے سمت سے تیز رفتاری کے ساتھ آتی ہوئی یہ ٹِپر لاری ملک پیٹ ٹی وی ٹاور چوراہے پر اچانک بے قابو ہوگئی۔ لاری نے پہلے سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکراکر دوسری سمت سے آرہی بس اور لاری کو ٹکر ماری۔ ٹپرلاری میٹرو بریج کے نیچے ڈیوائیڈر پر چڑھ گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق ٹِپر لاری اس قدر تیزی سے آرہی تھی کہ کئی گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے بروقت گاڑیاں ایک طرف کرکے خود کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ حادثے کے فوراً بعد ٹِپر لاری کا ڈرائیور موقع واردات سے فرار ہو گیا، جس کے باعث اس کی شناخت فوری طور پر نہ ہو سکی۔

واقعہ رات تقریباً ایک بجے پیش آیا، جس کے بعد دونوں جانب ٹریفک شدید متاثر ہوا اور طویل جام رہا۔ اطلاع ملنے پر ملک پیٹ پولیس موقع پر پہنچی، صورت حال کا جائزہ لیا اور کرین کی مدد سے راستہ کلیئر کروایا۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کی ابتدائی جانچ میں یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یا تو ٹِپر لاری کے بریک فیل ہو گئے تھے یا پھر ڈرائیور کی غفلت اس حادثے کی اصل وجہ بنی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی تلاش جاری ہے اور حادثے کی اصل وجہ کا تعین مکمل تحقیقات کے بعد ہی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں