حیدرآباد (دکن فائلز) مدینہ سے حیدرآباد آنے والی انڈیگو کی پرواز کو جمعرات کے روز اس وقت احمد آباد میں ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی، جب ایئرپورٹ حکام کو ای میل کے ذریعے دھمکی دی گئی کہ اگر طیارے کو حیدرآباد اترنے کی اجازت دی گئی تو اسے بم سے اڑا دیا جائے گا۔
پرواز میں 180 سے زائد مسافر اور 6 عملے کے ارکان موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق مسافرین میں اکثریت حیدرآبادی عمرہ معتمرین کی ہے۔ طیارے کو دوپہر کے وقت احمد آباد ایئرپورٹ کے ایک الگ تھلگ بے میں لے جایا گیا جہاں سی آئی ایس ایف اور بم اسکواڈ نے مکمل جانچ پڑتال کی۔ کیبن، کارگو اور سامان کی تلاشی کے باوجود کوئی مشکوک شے نہیں ملی۔
ڈپٹی پولیس کمشنر اتُل بنسل نے بتایا کہ تمام حفاظتی اقدامات مکمل کیے گئے جبکہ مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ “مسافروں میں سے کوئی بھی مشکوک سرگرمی میں ملوث نہیں پایا گیا۔” فلائٹ کو حیدرآباد روانہ کرنے کا فیصلہ تمام حفاظتی کلیئرنس کے بعد کیا جائے گا۔


