رواں برس کا آخری سپر مون چند ہی لمحوں میں آسمان پر جلوہ گر ہوگا، حیدرآباد سمیت ہندوستان بھر میں دیکھا جاسکے گا

حیدرآباد (دکن فائلز)س برس کا آخری سپر مون آج شام 5 بجکر 28 منٹ پر حیدرآباد سمیت ہندوستان بھر میں آسمان پر نمودار ہونے والا ہے۔ ماہرینِ فلکیات کا کہنا ہے کہ یہ دسمبر کا خوبصورت کولڈ مون نہ صرف سال 2025 کا تیسرا مسلسل سپر مون ہے بلکہ اپنی روشن چمک اور قربت کی وجہ سے ایک یادگار فلکی منظر بھی پیش کرے گا۔

آج ہندوستانی وقت کے مطابق شام 5:28 بجے کے قریب چاند تقریباً 99 فیصد روشن حالت میں طلوع ہوگا، جب کہ جمعہ کی صبح 4:15 بجے (5 دسمبر کی صبح) یہ اپنے پورے شاندار عروج یعنی 99.8 فیصد روشنی کے ساتھ دکھائی دے گا۔

بقول ماہرین، جب چاند اپنے مدار میں زمین کے قریب ترین فاصلے پر آجائے تو اس کا حجم عام راتوں کے مقابلے میں تقریباً 8 فیصد بڑا اور روشنی 15 فیصد زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ اسی غیرمعمولی چمک کو دنیا بھر میں سپر مون کہا جاتا ہے۔

گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی سپر مون کا جادو برقرار ہے، آسمان پر چاند ایسا محسوس ہوگا جیسے زمین سے کچھ زیادہ قریب آکر انسانوں کو اپنے حسن کی طرف بلا رہا ہو۔ موسمِ سرما کی ٹھنڈی فضا میں آسمان آج خاص طور پر صاف رہنے کا امکان ہے، اس لیے پورا ملک بغیر کسی رکاوٹ کے سپر مون کا حسین نظارہ کرسکے گا۔

یہ چاند، جسے دسمبر میں عمومًا کولڈ مون کہا جاتا ہے، اپنی نقرئی روشنی سے رات کو ایک شاعرانہ سکون بخشے گا۔ ماہرین کے مطابق آج رات چاند اور زمین کا فاصلہ تقریباً 357,200 کیلومیٹر تک رہے گا، جو چاند کے قریب ترین فاصلے کے زمرے میں شمار ہوتا ہے۔

دنیا بھر میں سپر مون سال میں عمومی طور پر تین سے چار مرتبہ وقوع پذیر ہوتا ہے، لیکن سردیوں کے آخری سپر مون کا اپنا الگ ہی دلکش اثر ہوتا ہے۔

چند ہی لمحوں بعد جب آسمان پر مکمل چاند اپنی پوری تابانی کے ساتھ ابھرے، آپ ایک بار رک کر، سر اٹھا کر، اس انمول اور قدرتی حسن کو ضرور دیکھیں۔ آج کی رات… یادگار بن جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں