حیدرآباد (دکن فائلز) گووا میں ایک سنسنی خیز اور شرمناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک ہوٹل مالک نے نجی لمحات کی ویڈیوز کو ہتھیار بنا کر ایک شادی شدہ خاتون سے 30 لاکھ روپے کے مطالبے کے ساتھ بلیک میل کرنا شروع کردیا۔ خاتون نے خوف اور ذہنی اذیت سے نجات کے لیے حیدرآباد پولیس سے رجوع کیا ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم گووا روانہ ہوچکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرآباد کے علاقہ ایرہ گڈہ سے تعلق رکھنے والی خاتون 2023 میں شادی سے قبل اپنے اُس وقت کے دوست کے ساتھ سیر و تفریح کے لیے گووا گئی تھیں۔ وہ دونوں ’’وائلڈ بیری ریسارٹ‘‘ میں مقیم تھے، جہاں کا اسٹاف، بالخصوص یشونت پاگی، ان کی مہمان نوازی کررہا تھا، اسی دوران، خاتون اور اُن کے دوست کے درمیان ہوٹل کے کمرے میں ہونے والے نجی لمحات کی ویڈیوز خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئیں، جس سے وہ مکمل طور پر لاعلم تھیں۔
وقت گزرتا گیا، خاتون کی شادی کسی اور شخص سے ہوگئی اور گووا کا سفر ماضی کا باب بن گیا۔ تاہم حال ہی میں خاتون کو یشونت پاگی کی جانب سے فون موصول ہوا، جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے پاس اُن کی نجی ویڈیوز موجود ہیں۔ ملزم نے 30 لاکھ روپے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ رقم نہ ملنے کی صورت میں وہ ویڈیوز آن لائن جاری کردے گا۔
خاتون نے منت سماجت کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی ازدواجی زندگی برباد ہو جائے گی، اور وہ پہلے ہی اپنے سابق دوست کے ذریعے کچھ رقم بھی ادا کر چکی ہیں، لیکن یشونت اپنی ڈیمانڈ بڑھاتا ہی چلا گیا۔ خاتون کے مطابق، ’’میں نے اس سے کہا کہ میری شادی ہو چکی ہے، میرا گھر تباہ ہو جائے گا، لیکن اس نے ایک نہ سنی‘‘۔
مجبور ہو کر خاتون نے صنعت نگر پولیس میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے سائبر قوانین اور بلیک میلنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ قائم کرتے ہوئے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق، ٹیم کو ملزم کی گرفتاری کے لیے گووا بھیجا گیا ہے۔
اس واقعہ کے بعد پولیس نے عوام، خصوصاً نوجوان جوڑوں، کو متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی شہر، ہوٹل یا ریزورٹ میں قیام کے دوران انتہائی احتیاط برتیں، کیونکہ ایسے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، اور بعض ہوٹل مالکان یا عملہ خفیہ کیمروں یا موبائل فون کے ذریعہ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔


