حیدرآبادیوں کےلئے خوشخبری: آپ لیونیل میسی کے ساتھ فوٹو کھینچوانا سکتے ہیں! حیدرآباد دورہ کا مکمل شیڈول

حیدرآباد (دکن فائلز) عالمی فٹبال اسٹار اور ارجنٹینا کے کپتان لیونیل میسی 13 دسمبر کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں، جہاں اُن کے مداحوں کے لیے کئی خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ’دی گوٹ ٹور‘ کے تحت میسی کے ساتھ خصوصی میٹ اینڈ گریٹ اور فوٹو سیشن کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بدھ کے روز منعقدہ پریس کانفرنس میں کمیٹی کی مشیر پاروتی ریڈی نے تفصیلات سامنے رکھیں۔

پاروتی ریڈی کے مطابق 13 دسمبر کی شام میسی حیدرآباد پہنچیں گے اور فلک نما پیلس میں ہونے والے خصوصی پروگرام میں صرف 100 خوش نصیب افراد کو میسی کے ساتھ تصویر کھنچوانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس خصوصی فوٹو سیشن کی قیمت 9.95 لاکھ روپے (جی ایس ٹی اضافی) مقرر کی گئی ہے، اور ٹکٹس ڈسٹرکٹ ایپ District App پر دستیاب ہیں۔

میسی 14 دسمبر کی شام 7 بجے اُپّل اسٹیڈیم پہنچیں گے۔ اُن کے ساتھ ارجنٹیینا کے روڈریگو ڈی پال اور یوروگوئے کے اسٹار لوئس سواریز بھی موجود ہوں گے۔ اس موقع پر سنگرینی آر آر 9 اور اپرنا میسی آل اسٹارز کے درمیان 20 منٹ کا نمائشی میچ کھیلا جائے گا۔ کھیل میں 15 بچے شامل ہوں گے جن میں سے 5 تربیت یافتہ جبکہ 10 پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے مگر باصلاحیت بچے ہوں گے۔

پاروتی ریڈی نے بتایا کہ کھیل کے آخری پانچ منٹ میں وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی بھی میدان میں اتریں گے۔ میچ کے بعد میسی ایک فٹبال کلینک میں بچوں کو عملی مشورے دیں گے اور پینلٹی شوٹ آؤٹ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ میسی فاتح ٹیم کو ’GOAT کپ‘ بھی پیش کریں گے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بھی موجود رہیں گے۔

میسی کے اسٹیڈیم میں داخلہ سے قبل دو گھنٹے تک ایک بھرپور موسیقی محفل کا انعقاد ہوگا۔ پروگرام کی شروعات ایک حیدرآبادی نوجوان ریپر سے ہوگی جبکہ مزید تین گلوکار بھی پرفارمنس دیں گے۔ منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد حیدرآباد کی ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر پیش کرنا اور نوجوانوں میں فٹبال کے رجحان اور فٹنس شعور کو فروغ دینا ہے۔

میسی تقریباً ایک گھنٹہ تک اپل اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔ وہ رات میں حیدرآباد میں قیام کے بعد اگلی صبح ممبئی روانہ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں