حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے یاقوت پورہ رین بازار میں گذشتہ کچھ روز قبل ہوئے جنید قتل کیس کی تفتیش کے سلسلے میں پولیس نے آج صبح بڑی کارروائی کرتے ہوئے روڈی شیٹر ظفر پہلوان، ان کے بیٹوں سعید پہلوان اور سلیمان پہلوان کے گھروں پر چھاپے مارے۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یہ کارروائی جرائم اور روڈی ازم کے خلاف جاری سخت مہم کا حصہ بتائی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، اس آپریشن میں تقریباً 60 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ تلاشی کے دوران متعدد غیر قانونی چاقو اور مشتبہ غیر قانونی جائیدادوں سے متعلق دستاویزات برآمد کی گئیں، جن کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے۔
غیر قانونی اسلحہ برآمد ہونے کے بعد پولیس نے آرمز ایکٹ کے تحت دو ایف آئی آر درج کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ملزمان میں
1. جعفر پہلوان — 40 مجرمانہ مقدمات میں ملوث روڈی شیٹر
2. سعید پہلوان — سابق روڈی شیٹر، 5 مقدمات میں ملوث
3. سلیمان پہلوان — ایک مجرمانہ مقدمے میں نامزد شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان فی الحال مفرور ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو مختلف مقامات پر دبیش دے رہی ہیں تاکہ انہیں جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس ملزمان یا ان کی سرگرمیوں سے متعلق کوئی بھی اطلاع ہو تو وہ فوراً پولیس کو آگاہ کرے۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/2003741656118624412
حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ روڈی ازم اور مجرمانہ سرگرمیوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون و امن کی برقراری کے لیے سخت سے سخت کارروائی جاری رہے گی۔


