بے روزگار نوجوانوں کے لیے خوشخبری! تلنگانہ آر ٹی سی میں 198 اسامیوں پر بھرتی کا اعلان

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں 198 اسامیوں پر بھرتی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ اعلان تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ پریس ریلیز میں کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بھرتیاں ٹریفک سپروائزر ٹرینی اور میکانیکل سپروائزر ٹرینی کے عہدوں پر کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق:
ٹریفک سپروائزر ٹرینی: 84 تا 85 اسامیاں
میکانیکل سپروائزر ٹرینی: 114 اسامیاں

بورڈ نے واضح کیا ہے کہ اسامیوں کی تعداد میں کمی بیشی ممکن ہے۔ ان دونوں عہدوں کے لیے تنخواہ کا پیمانہ 27,080 روپے سے 81,400 روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے، جب کہ دیگر الاؤنس بھی قابل اطلاق ہوں گے۔

اہلیت کے مطابق، ٹریفک سپروائزر کے لیے کسی بھی مضمون میں گریجویشن لازمی ہے جبکہ میکانیکل سپروائزر کے لیے آٹوموبائل یا میکینیکل انجینئرنگ میں ڈپلوما یا ڈگری ضروری ہے۔

درخواستیں آن لائن موصول کی جائیں گی، جو 30 دسمبر 2025 صبح 8 بجے سے 20 جنوری 2026 شام 5 بجے تک TSLPRB کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔

درخواست فیس: تلنگانہ کے مقامی SC، ST امیدواروں کے لیے: 400 روپے اور دیگر امیدواروں کے لیے: 800 روپے

عمر کی حد: امیدوار کی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔
SC، ST، BC اور EWS امیدواروں کو 5 سال کی رعایت دی گئی ہے۔
سابق فوجیوں کو فوجی سروس کے علاوہ 3 سال کی رعایت ملے گی۔
حاضر سروس TGSRTC ملازمین کو مخصوص شرائط کے تحت 10 سال تک عمر میں رعایت دی گئی ہے۔

امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تعلیمی اہلیت، انتخابی عمل، امتحانی طریقۂ کار، فزیکل ٹیسٹ اور نصاب سے متعلق مکمل معلومات کے لیے تفصیلی نوٹیفکیشن کو بغور پڑھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں