حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ اسمبلی میں موسیٰ ندی کی صفائی پر بحث کے دوران کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے کانگریس حکومت پر زور دیا کہ وہ غریب عوام کا ہر حال میں تحفظ کرے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کی صفائی کے نام پر غریب اور بے سہارا لوگوں کی زندگیاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔
اکبرالدین اویسی نے سوال کیا کہ موسیٰ ندی کی صفائی وقار آباد سے شروع ہوگی یا گنڈی پیٹ سے؟ انہوں نے الزام لگایا کہ موسیٰ اور عیسیٰ اب ندی نہیں بلکہ سیوریج لائن میں تبدیل ہوچکی ہیں، کیونکہ شہر کا سارا گندا پانی انہی میں ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر متعدد مثالیں دیتے ہوئے حکومت کو مثبت مشورے بھی دیئے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں جمع ملبہ نکال کر ذخیرہ آب کی گنجائش بڑھائی جائے تاکہ مستقبل میں گوداوری کا پانی لایا جا سکے۔ ساتھ ہی چارمینار کے قریب شروع کیے گئے پیدل راہگیروں کے منصوبے پر بھی اکبر الدین اویسی نے ریاستی حکومت سے سخت سوال کئے اور انتظامیہ کی تساہلی پر تنقید کی۔


