تعلیم کی طاقت: آئی آئی ٹی حیدرآباد کے طالب علم کو ملا ریکارڈ توڑ تنخواہ کا پیکیج، مسلم نوجوانوں کے لیے روشن مثال

حیدرآباد (دکن فائلز) تعلیم اگر خلوص، محنت اور مستقل مزاجی کے ساتھ حاصل کی جائے تو یہ انسان کی تقدیر بدل دیتی ہے۔ اس حقیقت کی زندہ مثال انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، حیدرآباد (آئی آئی ٹی–ایچ) کے کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ کے فائنل ایئر طالب علم ایڈورڈ نیتھن ورگیز ہیں، جنہوں نے ادارے کی تاریخ کا سب سے بڑا پلیسمنٹ پیکیج حاصل کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ نیدرلینڈز کی عالمی شہرت یافتہ تجارتی کمپنی آپٹیور نے انہیں 2.5 کروڑ روپے سالانہ کے پیکیج پر سافٹ ویئر انجینئر کی ملازمت کی پیشکش کی ہے۔

یہ کامیابی کسی ایک دن یا ایک انٹرویو کا نتیجہ نہیں بلکہ برسوں کی محنت، سیکھنے کے جذبے اور تعلیم سے گہرے تعلق کا ثمر ہے۔ دو ماہ کی سمر انٹرن شپ کے دوران شاندار کارکردگی کے بعد ایڈورڈ کو پری پلیسمنٹ آفر (PPO) دی گئی، جو آئی آئی ٹی حیدرآباد کے قیام (2008) کے بعد اب تک کی سب سے بڑی پیشکش ہے۔ وہ جولائی سے نیدرلینڈز میں کمپنی کے دفتر میں اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کریں گے۔

ایڈورڈ خود کہتے ہیں کہ یہ ان کا پہلا اور واحد انٹرویو تھا، جس میں کامیابی کی ایک بڑی وجہ یہ رہی کہ وہ ابتدائی برسوں سے مسابقتی پروگرامنگ میں ملک کے ٹاپ 100 طلبا میں شامل رہے۔ یہ بات واضح کرتی ہے کہ اگر طالب علم یکسوئی کے ساتھ علم حاصل کرے، مہارتیں سیکھے اور وقت کی قدر کرے تو دنیا کی بہترین کمپنیاں اس کے لیے دروازے کھول دیتی ہیں۔

یہ کامیابی بالخصوص مسلم طلبا و طالبات کے لیے ایک حوصلہ افزا پیغام ہے کہ جدید تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدانوں میں آگے بڑھ کر نہ صرف اپنا مستقبل سنوارا جا سکتا ہے بلکہ قوم و ملت کا نام بھی روشن کیا جا سکتا ہے۔ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو غربت، محرومی اور پسماندگی کی زنجیروں کو توڑ سکتی ہے۔

آئی آئی ٹی حیدرآباد کی انتظامیہ کے مطابق اس سال ایک اور کمپیوٹر سائنس طالب علم کو بھی 1.1 کروڑ روپے سالانہ کا پیکیج ملا ہے، جبکہ مجموعی طور پر پلیسمنٹ سیزن میں اوسط پیکیج میں گزشتہ سال کے مقابلے 75 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ معیاری تعلیم اور جدید مہارتوں کی عالمی سطح پر بڑی مانگ ہے۔

ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ مسلم سماج کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں، خصوصاً لڑکوں اور لڑکیوں دونوں کو، اعلیٰ تعلیم کی طرف راغب کرے، سائنسی اور تکنیکی مضامین میں آگے بڑھنے کی حوصلہ افزائی کرے اور تعلیم کو وقتی فائدے کے بجائے طویل مدتی سرمایہ سمجھے۔ ایڈورڈ نیتھن ورگیز کی کامیابی اس بات کی روشن دلیل ہے کہ علم، محنت اور لگن کا راستہ ہی ترقی اور عزت کا سب سے محفوظ راستہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں