حیدرآباد (دکن فائلز) شمال مشرقی دہلی کے موجپور علاقہ میں جمعرات کی رات ایک کیفے کے اندر ہونے والی فائرنگ میں 24 سالہ نوجوان فیضان ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ رات تقریباً 10:28 بجے ویلکم علاقے میں واقع مسٹر کنگ لاؤنج اینڈ کیفے میں پیش آیا۔
پولیس کو پی سی آر کال موصول ہونے کے بعد ٹیم موقع پر پہنچی تو فائزان شدید زخمی حالت میں پایا گیا۔ اسے فوری طور پر گرو تیغ بہادر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس افسر کے مطابق جائے واردات پر کرائم ٹیم اور فرانزک سائنس لیبارٹری نے شواہد اکٹھا کیے ہیں۔ اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103(1) (قتل) اور آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب، واقعہ کے بعد ایک دل دہلا دینے والی اعترافی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، جس میں انسٹاگرام اکاؤنٹ moinqureshiii سے پوسٹ کیے گئے ویڈیو میں ایک شخص نے فیضان کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ ویڈیو میں ملزم نے دعویٰ کیا کہ اس نے ذاتی رنجش کے تحت فیضان کو قتل کیا، کیونکہ چار ماہ قبل فیضان نے اسے تھپڑ مارا تھا۔
ملزم نے کہا کہ اس قتل میں اس کے والد، اہلِ خانہ یا دوستوں کا کوئی کردار نہیں ہے اور نہ ہی اس میں کسی قسم کے پیسوں کا لین دین شامل تھا۔ تاہم مقتول کے بھائی سلمان نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ قرض کے تنازع سے جڑا ہوا تھا اور انہوں نے پہلے بھی پولیس میں شکایت درج کرائی تھی، مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
سلمان کے مطابق فیضان کو تین گولیاں لگیں، ایک سر میں اور دو سینے میں، جبکہ ہاتھ پر بھی زخم کا نشان تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگالنا شروع کر دیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کئی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تفتیش جاری ہے۔


