حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ریاست بھر میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پورے تلنگانہ میں ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔
تلنگانہ میں میونسپل انتخابات کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی ریاست بھر میں انتخابی ضابطۂ اخلاق فوری طور پر نافذ ہو گیا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے مطابق ریاست میں 11 فروری کو ووٹنگ ہوگی جبکہ 13 فروری کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ تمام انتخابات ایک ہی مرحلے میں کرائے جائیں گے۔
ریاست میں موجود 116 میونسپلٹیز اور 7 میونسپل کارپوریشنز کے لیے یہ انتخابات ہوں گے، تاہم گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) اس انتخابی عمل میں شامل نہیں ہوگی۔ وزیر پونم پربھاکر نے واضح کیا ہے کہ GHMC کو ایک ہی ادارے کے طور پر برقرار رکھا جائے یا اسے تقسیم کیا جائے، اس پر فیصلہ 10 فروری کے بعد لیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 28 جنوری سے 30 جنوری تک امیدواروں سے نامزدگیاں وصول کی جائیں گی، جبکہ 31 جنوری کو نامزدگیوں کی جانچ مکمل ہوگی۔ اس بار انتخابات میں 53 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
انتخابی حکام نے امیدواروں کے لیے اہم ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائیداد ٹیکس کے بقایاجات ادا کیے بغیر کوئی بھی امیدوار نامزدگی داخل نہیں کر سکے گا۔ تمام اضلاع کے کلکٹرس، ایس پیز اور پولیس کمشنرز کے ساتھ اجلاس کے بعد ریاستی الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے انتخابی شیڈول جاری کیا۔
ریاستی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پرامن و شفاف پولنگ کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔
🔹 مکمل انتخابی شیڈول
📌 نامزدگیاں: 28–30 جنوری
📌 جانچ پڑتال: 31 جنوری
📌 نامزدگی واپسی: 3 فروری
📌 پولنگ: 11 فروری (صبح 7 تا شام 5)
📌 گنتی: 13 فروری
📌 میئر/چیئرمین انتخابات: 16 فروری


