بڑی خبر: مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار طیارہ حادثے میں ہلاک

حیدرآباد (دکن فائلز) مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سینئر رہنما اجیت پوار آج صبح ایک المناک فضائی حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ پونے ضلع کے بارامتی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران پیش آیا، جہاں ان کا چارٹر طیارہ رن وے پر کنٹرول کھو بیٹھا اور آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (DGCA) کے مطابق طیارے میں سوار تمام افراد حادثے میں ہلاک ہو گئے۔ طیارے میں اجیت پاوار کے علاوہ دو ذاتی عملے کے افراد (ایک پی ایس او اور ایک اٹینڈنٹ) اور دو پائلٹس سوار تھے۔ کوئی بھی مسافر زندہ نہ بچ سکا۔

اطلاعات کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والا طیارہ Learjet 45 تھا جس کا رجسٹریشن نمبر VT-SSK بتایا گیا ہے۔ یہ طیارہ صبح تقریباً 8:10 بجے ممبئی سے روانہ ہوا تھا اور بارامتی میں لینڈنگ کے دوران دوسرے اپروچ کی کوشش کے وقت حادثہ پیش آیا۔ ایئر ٹریفک کنٹرول کو حادثے کی اطلاع 9:12 بجے دی گئی، جس کے بعد ایئرپورٹ کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں اور پروازوں میں تاخیر ہوئی۔

حادثہ کے بعد سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں طیارے کا ملبہ آگ کی لپیٹ میں دکھائی دیا، جبکہ مقامی افراد، پولیس اور فائر بریگیڈ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں، تاہم شدید آگ کے باعث کسی کو بچایا نہ جا سکا۔

ذرائع کے مطابق اجیت پوار آج بارامتی میں متعدد سیاسی پروگراموں میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

وزیراعظم نریندر مودی نے مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر فڈنویس سے فون پر بات کر کے واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ وزیرِ اعلیٰ فڈنویس نے اپنا کونکن دورہ منسوخ کر دیا۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اجیت پوار عوامی رہنما تھے، جن کا زمینی سطح پر عوام سے گہرا تعلق تھا، اور ان کا اچانک انتقال نہایت صدمہ خیز ہے۔

مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ سمیت مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور سیاسی رہنماؤں نے بھی اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مہاراشٹر حکومت نے حادثے کے پیشِ نظر تمام سرکاری تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔

تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے بھی طیارہ حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا اور اجیت پوار کی موت پر صدمہ کا اظہار کیا۔

اجیت پوار، این سی پی کے بانی اور سینئر رہنما شرد پاوار کے بھتیجے اور لوک سبھا رکن سپریا سُلے کے کزن تھے۔ وہ مہاراشٹر کے طویل عرصہ تک مختلف ادوار میں نائب وزیرِ اعلیٰ کے منصب پر فائز رہے اور ریاستی سیاست میں ایک اہم اور بااثر شخصیت سمجھے جاتے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں