اہم خبر: تلنگانہ میں اسپیشل برانچ کی جانب سے مساجد و مدارس کی معلومات کا اندراج تشویشناک، جمعیۃ علماء کے وفد کی ڈی سی پی کشالکر سے ملاقات، خوف و ہراس نہ پھیلانے کی یقین دہانی

حیدرآباد (پریس نوٹ) جمعیۃ علماء ضلع سدی پیٹ کے صدر مفتی عبدالسلام قاسمی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈی سی پی آفس پہنچ کر ڈی سی پی ایڈمن مسٹر کشالکر سے ملاقات کی اور اسپیشل برانچ (SB) پولیس کی جانب سے مساجد اور مدارس سے ایک مخصوص پروفارما کے تحت معلومات کے اندراج پر پیدا ہونے والی تشویش سے انہیں آگاہ کیا۔

مفتی عبدالسلام قاسمی نے بتایا کہ جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ حافظ پیر خلیق صابر کی ہدایت پر یہ ملاقات کی گئی، جس میں وفد نے اس بات کی شکایت درج کروائی کہ اسپیشل برانچ پولیس مختلف منڈلوں میں مساجد اور مدارس کے ذمہ داران سے سوالنامے کے ذریعے معلومات حاصل کر رہی ہے، جس کے باعث بالخصوص دیہی علاقوں میں خوف اور بے چینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔

اس موقع پر ڈی سی پی ایڈمن مسٹر کشالکر نے شکایت کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اسپیشل برانچ کے متعلقہ سی آئی سے بات چیت کی۔ ڈی سی پی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے ایک معمول کی اور رسمی کارروائی ہے، جس کا مقصد پولیس بندوبست اور سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنانا ہے، نہ کہ کسی مخصوص طبقے کو نشانہ بنانا۔

ڈی سی پی ایڈمن کشالکر نے واضح کیا کہ مساجد اور مدارس کے ذمہ داران صرف وہی معلومات فراہم کریں جو ان کے علم میں ہوں، کسی ایسی معلومات کے فراہم کرنے کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی کوئی دباؤ ہے جو ان کے پاس موجود نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کے طلبہ اور انتظامیہ سے متعلق بنیادی معلومات دی جا سکتی ہیں، تاہم مالی امور سے متعلق کسی قسم کی معلومات فراہم کرنا ضروری نہیں ہے۔

ڈی سی پی اور اسپیشل برانچ کے سی آئی نے یقین دلایا کہ یہ عمل صرف مساجد یا مدارس تک محدود نہیں بلکہ تمام مذہبی مقامات، بشمول مندر اور چرچ، کے لیے یکساں طور پر انجام دیا جا رہا ہے۔ لہٰذا مساجد اور مدارس کے ذمہ داران کو کسی بھی قسم کے خوف یا گھبراہٹ میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔

مزید رہنمائی اور معلومات کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے: 9908160926، 9989959728، 9052209731، 9676444844

اپنا تبصرہ بھیجیں