مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان دینے پر کرنی سینا کا ضلعی صدر سچن راگھو گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں کرنی سینا کا ضلعی صدر سچن راگھو کو مسلمانوں کے خلاف قابلِ اعتراض اور نفرت انگیز بیان دینے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں سچن راگھو کو آزادی کے ہیرو نیتا جی سبھاش چندر بوس کے مجسمہ کے قریب متنازعہ نعرہ لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔

پولیس کے مطابق یہ ویڈیو علی گڑھ کے کوارسی تھانہ علاقہ میں واقع مہارانا پرتاپ انکلیو، سوَرن جینتی نگر میں ریکارڈ کی گئی، جہاں کرنی سینا کے کارکن نیتا جی سبھاش چندر بوس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔ اسی دوران سچن راگھو نے مبینہ طور پر مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے قابلِ اعتراض الفاظ کہے، جن کی ویڈیو موقع پر موجود کسی شخص نے بنا لی اور بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے بھارتیہ نیائے سنہیتا کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے سچن راگھو کو چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا۔

سول لائنز سرکل آفیسر (تھرڈ) سروَم سنگھ نے بتایا کہ ویڈیو سوشل میڈیا کے ذریعہ پولیس کے علم میں آئی، جس کے بعد فوری کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں