کرناٹک میں کانگریس ترجمان و رکن اسمبلی پریانک کھرگے نے بی جے پی کی ریاستی حکومت پر سنگین الزامات عائد کئے۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ریاست میں نوکری حاصل کرنے کےلیے مردوں کو تو رشوت دینی پڑتی ہے تاہم نوجوان خواتین کو کسی کے ساتھ سونا پڑتا ہے‘۔
انہوں نے ریاست میں بھرتی گھوٹالوں کی عدالتی یا ایس آئی ٹی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس معاملہ میں فاسٹ ٹریک عدالت قائم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔
پریانک کھرگے نے ریاستی حکومت پر بڑے پیمانہ پر بدعنوانی کا الزام عادئ کرتے ہوئے کہا کہ مختلف عہدوں پر بھرتی کےلیے بڑے پیمانے رشوت لی گئی اور عہدوں کو فروخت کیا گیا اور اگر کوئی نوجوان خاتون سرکاری نوکری کی خواہشمند ہے تو اسے کسی کے ساتھ سونا پڑے گا‘۔
انہوں نے بی جے پی کی ریاستی حکومت کے ایک وزیر پر الزام عائد کیا کہ اس نے نوجوان خاتون کو نوکری کے لیے اپنے ساتھ سونے کےلیے کہا تھا اور جب اسکینڈل سامنے آیا تو وزیر نے استعفیٰ دے دیا جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ بڑے پیمانہ پر دھاندلیاں کی گئیں۔