حیدرآباد (دکن فائلز) دی ہندو اور وائر کی رپورٹ کے مطابق انتخابی فہرستوں کی خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے نام پر جاری مہم نے اب ایک انتہائی تشویشناک اور انسانیت سوز رخ اختیار کر لیا ہے، جس کے بعد یہ سوال شدت سے ابھر رہا ہے کہ کیا ایس آئی آر محض ’ووٹ چوری‘ کا ذریعہ ہے یا یہ ملک کے کمزور طبقات اور اقلیتوں کے بنیادی انسانی و آئینی حقوق چھیننے کی ایک منظم سازش ہے؟ مغربی بنگال کے ضلع کوچ بہار میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ووٹر لسٹ سے والد کا نام حذف کیے جانے کی پاداش میں محض ڈھائی ماہ کی ایک نومولود بچی کو اس کے بنیادی حق یعنی ’پیدائشی سرٹیفکیٹ‘ (Birth Certificate) سے محروم کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کوچ بہار کے گاؤں کھٹاماری کی رہائشی آمنہ خاتون نے 9 ستمبر کو دنہاٹا سب ڈویژنل اسپتال میں ایک بچی کو جنم دیا تھا۔ ولادت کے بعد جب آمنہ خاتون اور ان کے شوہر عبدالحبیب اپنی نومولود بچی کا پیدائشی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے اسپتال اور متعلقہ پنچایت دفتر پہنچے، تو انہیں پنچایت پردھان یا مقامی رکنِ اسمبلی (MLA) سے رہائشی تصدیق نامہ لانے کو کہا گیا۔
جب عبدالحبیب اپنی بچی کے پیدائشی سرٹیفکیٹ کے لیے دنہاٹا کے ایم ایل اے کے دفتر اور صاحب گنج کے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) کے پاس پہنچے، تو وہاں موجود مقامی حکام نے انتہائی ہتک آمیز اور متعصبانہ رویہ اپناتے ہوئے انہیں ’بنگلہ دیشی شہری‘ قرار دے دیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ایس آئی آر کے بعد جاری ہونے والی ووٹر لسٹ میں ان کا نام شامل نہیں ہے، اس لیے وہ ہندوستانی شہری نہیں ہیں اور انہیں پہلے نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (NRC) کے تحت اپنا اندراج کرانا ہوگا۔
اس کھلی ناانصافی اور امتیازی سلوک پر شدید کرب کا اظہار کرتے ہوئے عبدالحبیب نے کہا کہ ایم ایل اے دفتر کے ایک اہلکار نے مجھے بنگلہ دیشی شہری قرار دیتے ہوئے این آر سی میں اندراج کرانے کو کہا، آخر میں ایسا کیوں کروں؟ میں پیدائش سے ہندوستان میں رہ رہا ہوں اور کھٹاماری میں میرا گھر میرے دادا نے تعمیر کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ تمام قانونی دستاویزات دکھانے کے باوجود حکام نے سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا۔
یہ امر انتہائی حیران کن اور انتظامیہ کے دوہرے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ تمام ضروری دستاویزات ہونے کے باوجود ایس آئی آر مہم کے دوران عبدالحبیب اور ان کی تین بہنوں کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دیے گئے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) نے اس کی وجہ ’منطقی تضاد‘ (Logical Discrepancy) بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ چھ دیگر افراد نے بھی عبدالحبیب کے والد کو اپنا والد ظاہر کیا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ اسی ووٹر لسٹ میں عبدالحبیب کے والدین، ان کی اہلیہ اور بڑی بہن کے نام بدستور موجود ہیں۔ عبدالحبیب نے اپنے نام کی شمولیت کے لیے ٹربیونل میں اپیل دائر کر رکھی ہے، جو تاحال زیرِ التوا ہے۔
ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) نے مقامی حکام کی جانب سے نومولود بچی کا پیدائشی سرٹیفکیٹ روکنے کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ پیدائش کا اندراج ایک قانونی حق ہے اور اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال (UNCRC) کے آرٹیکل 7 کے تحت ہر بچے کو پیدائش کے ساتھ ہی قانونی شناخت حاصل کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
اے پی سی آر نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ کسی بھی بچے کی قانونی شناخت کے حق کو اس کے والدین کی انتخابی حیثیت سے نہیں جوڑا جا سکتا، اور ایس آئی آر سے متعلق کوئی بھی انتظامی تنازع ایک نومولود بچے کے بنیادی اور آئینی حقوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔ تنظیم نے بچی کو فوری طور پر پیدائشی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گزشتہ سال نافذ کی گئی اس متنازع ایس آئی آر مہم نے ملک بھر میں کروڑوں شہریوں کو ان کے حقِ رائے دہی سے محروم کر دیا ہے۔ صرف مغربی بنگال میں 60.06 لاکھ ووٹرز کو جانچ پڑتال (Adjudication) کے زمرے میں ڈالا گیا ہے جبکہ 27.16 لاکھ افراد کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیے گئے ہیں۔ تکنیکی خامیوں اور غیر شفاف تصدیقی عمل کی آڑ میں شہریوں بالخصوص مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور انہیں دوسرے درجے کا شہری بنانے کی اس روش نے سنگین انسانی بحران پیدا کر دیا ہے۔ ریاست میں ایسے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں جہاں ووٹر لسٹ سے اخراج کو جواز بنا کر غریب شہریوں کو سرکاری فلاحی اسکیموں حتیٰ کہ ماہانہ راشن جیسی بنیادی انسانی ضرورت سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔


