شان رسالت میں گستاخی ایک سنگین جرم ہے، سیدنا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تمام انبیاء و رسل میں سب سے افضل ہیں، آپ مکارم اخلاق کے معلم اور ساری انسانیت کے محسن ہیں، جن کے نہ صرف اہل اسلام قائل ہیں بلکہ دنیا بھر کے انصاف پسند غیر مسلم دانشور بھی معترف ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی محض جہالت، نادانی وتعصب کی بنیاد پر ہوتی ہے۔ ایسے کسی بھی واقعے پر ملک میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے مجرموں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے۔ علمائے کرام نے حکومت سے اس جرم پر سخت قانون سازی کا مطالبہ کیا۔
نیز ایسے واقعات پر مسلمانوں کو احتجاج کا پورا حق حاصل ہے۔ البتہ احتجاج پر امن اور ملکی دستور کے دائرے میں ہونا چاہئے اور احتجاج کے دوران کسی کا جانی و مالی نقصان نہ کیا جائے اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔
عوام الناس کو یہ بھی جاننا چاہیے کہ ہم ملک کے قانون کے پابند ہیں اور ہم جرائم کی سزا کا ملکی قانون کے مطابق ہی مطالبہ کر سکتے ہیں، شرعی سزاؤں کا مطالبہ کرنا اور سر تن سے جدا جیسے نعرے لگانا جمہوری ملک میں غیر دستوری ہے۔
علماء کی ذمہ داری ہے کہ اس پہلو پر عوام کی رہنمائی کریں کہ جمہوری ملک میں ایسے نعرے لگانا درست نہیں ہے اس سے میڈیا کو اسلام کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس لیے اس طرح کے نعروں سے گریز کرتے ہوئے ایسے مجرموں کو سخت سزا دینے کا حکومت سے مطالبہ کریں۔
نوجوان علمائے کرام سے گزارش ہے کہ وہ ایسے حساس مسائل پر اپنے اکابر علماء سے مشورہ کئے بغیر یا ان کی رہنمائی سے پہلے شخصی طور پر اپنی کسی رائے کا اظہار نہ کریں اور سوشل میڈیا پر کوئی بیان نہ دیں۔
علمائے کرام وخطباء مساجد سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جمعہ کے موقع پر ان تجاویز کی روشنی میں عوام الناس کی رہنمائی کریں۔ان خیالات کا اظہار اکابر علماء کرام نے بروز جمعرات بتاریخ ۲۵ /اگست ۲۰۲۲ کو بمقام خانقاہ سعیدیہ، خواجہ باغ، حیدرآباد میں منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں کیا۔ جس میں درج ذیل علماء کرام شریک تھے۔مولانا شاہ جمال الرحمن صاحب ،مولانا عبد القوی۔مولانا مفتی محمد غیاث الدین رحمانی ۔مولانا عبید الرحمن اطہر ندوی ۔مولانا غیاث احمد رشادی ۔ مولانا وميض احمد ندوی ۔ مولانا فصيح الدین ندوى۔مولانا حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشا ہ۔ مولانا ارشد علی قاسمی ۔ مولانا محمد بانعیم مظاہری۔ مولانا سیدمجاہدعلی قاسمی۔ مولانا معراج الدین علی ابرار ۔ مولانا غوث رشیدی۔ مولانا مفتی عبد الرحمن محمد میاں ۔ مولانا احسان صدیقی ۔ مولانا وسیم الحق ندوی۔مفتی انعام الحق قاسمی۔