گزشتہ ہفتے دہلی میں منعقدہ آل انڈیا ڈائریکٹر جنرل اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کانفرنس میں کچھ پولیس افسران نے ملک میں بڑھتی ہوئی بنیاد پرستی میں کٹر ہندوتوا تنظیموں کے کردار پر بھی روشنی ڈالی تھی۔ انگریزی روزنامہ میں شائع خبر کے مطابق یہ معلومات اجلاس میں شریک عہدیداروں کی جانب سے دی گئی دستاویزی جانکاری کے بعد سامنے آئی ہے جس میں اسلامی تنظیموں کا بھی تذکرہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ دستاویزات کچھ وقت کے لیے ویب سائٹ پر دستیاب رہی تاہم انہیں بعد میں ہٹا دیا گیا۔
20 سے 22 جنوری تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی شرکت کی تھی۔ ان دستاویزات میں وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل کو بنیاد پرست تنظیمیں قرار دیا گیا تھا۔ وہیں اس میں پی ایف آئی کا بھی تذکرہ کیا گیا تھا۔ (ایجنسیز)


