بجٹ میں اقلیتوں کو بری طرح نظرانداز کیاگیا: مودی حکومت کا ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ نعرہ کھوکھلا ثابت ہوا، یو پی ایس سی تیاری اسکیم کو ختم کردیا گیا، استاد اسکیم کےلیے صرف دس لاکھ روپئے مختص

مرکزی بجٹ میں اقلیتی بہبود کیلئے فنڈس میں بھاری کمی کی گئی ہے جس کے بعد اپوزیشن رہنماؤں کے علاوہ مسلم اسکالرز نے بھی مرکز کی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ مسلم اسکالرز نے وزیر فینانس نرملا سیتا رامن کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے بجٹ کو اقلیتوں کیلئے مایوس کن قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ نعرہ اقلیتوں کے معاملہ میں کھوکھلا ثابت ہوا ہے جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کو بری طرح نظر انداز کیا جارہا ہے۔ موجودہ بجٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کی 15 فیصد اقلیتی آبادی کو تعلیم سے محروم کرنے کی سازش کی گئی۔

اس سال اقلیتی بجٹ میں تقریباً 38 فیصد کی بھاری کمی کی گی ہے جبکہ 2022-23 کے مقابلہ میں اس بار اقلیتی بجٹ میں تقریباً ایک ہزار 923 کروڑ روپئے کی کمی کی گئی۔ 2022-23 میں اقلیتیوں کےلیے پانچ 5020 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا تاہم اس بار صرف 3097 کروڑ روپئے ہی مختص کئے گئے۔

اقلیتی کی تعلیمی ترقی کےلیے بجٹ میں انتہائی کنجوسی کا مظاہرہ کیا گیا اور بھاری کمی کی گئی۔ پری میٹرک اسکالر شپ کےلیے صرف 433 کروڑ روپئے ہی مختص کئے گئے جبکہ گذشتہ سال ایک ہزار 425 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے۔ اسی طرح میٹرک کم مینس اسکالر شپ میں بھی گذشتہ سال کے مقابلہ میں اس سال 326 کروڑ روپئے کی کمی کی گئی اور اس سال صرف 44 کروڑ روپئے ہی مختص کئے گئے۔ وہیں ایجوکیشن اسکیم فار مدرسہ اور اقلیتوں سے متعلق بجٹ میں بھی 150 کی کمی کرکے اس سال صرف 10 کروڑ روپئے ہی مختص کئے گئے۔ یہ رقم سارے ہندوستان کے اقلیتوں کےلیے ہے۔

موجودہ بجٹ میں اقلیتوں کےلیے صرف پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے بجٹ میں 550 کروڑ روپئے کا اضافہ کیا گیا۔ گذشتہ سال اس کےلیے 515 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے جبکہ اس سال ایک ہزار 65 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ اقلیتی طلباء کے لیے مولانا آزاد نیشنل فیلوشپ میں بھی 3 کروڑ کی معمولی کمی کی گئی۔ اس سال 96 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یو پی ایس سی کی تیاری کے لیے اقلیتی طلبہ کے لیے جاری اسکیمز کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا اور وزارت اقلیتی امور کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیم ‘استاد’ جسے دستکاروں کے لیے شروع کیا گیا تھا کےلیے صرف اور صرف 10 لاکھ روپئے ہی مختص کئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں