حیدرآباد (دکن فائلز): ہنڈن برگ کی رپورٹ کے بعد ڈانی گروپ کو زبردست جھٹکا لگا اور ہر گزرتے روز نقصان میں مزید اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ رپورٹ کے بعد گوتم اڈانی دنیا کے امیر ترین شخصیات کی فہرست میں بھی تیزی کے ساتھ پھسلتے جارہے ہیں۔ پہلے وہ انہیں ٹاپ 10 کی فہرست سے باہر کا راستہ دکھایا گیا تو اب بلومبرگ کی تازہ فہرست میں انہیں 16ویں نمبر پر ڈھکیل دیا گیا۔
بلومبرگ کی فہرست کے مطابق گوتم اڈانی گزشتہ ہفتے دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھے جو اب 16ویں نمبر پر آچکے ہیں۔ اڈانی گروپ کے حصص اس وقت گر گئے جب گروپ نے مارکیٹ کی ہنگامہ خیز صورتحال کے درمیان ڈھائی ارب ڈالر کے شیئرز کی فروخت روک دی۔
اڈانی انٹرپرائزز کے حصص کی فروخت روکنا گوتم اڈانی کے لیے ایک ڈرامائی دھچکا ثابت ہوا جن کی دولت میں حالیہ برسوں کے دوران تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔
گوتم اڈانی نے منگل کو پیشکشیں مکمل طور پر سبسکرائب کیے جانے کے باوجود شارٹ سیلر ہنڈن برگ کی جانب سے شدید تنقید سے اسٹاک روٹ میں اضافے کے باعث بدھ کے روز حصص کی فروخت روک دی تھی۔
شارٹ سیلر کے اس حملے کے نتیجے میں وہ ایشیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز بھی کھو بیٹھے۔
واضح رہے کہ ہنڈن برگ کی گزشتہ ہفتے کی ایک رپورٹ میں اڈانی گروپ پر آف شور ٹیکس ہیونز کے غلط استعمال اور اسٹاک میں ہیرا پھیری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ تاہم اڈانی گروپ نے ان الزامات کو مسترد کردیا۔


