حیدرآباد: (دکن فائلز) سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس نے 2 جنوری کو فرقہ پرست ٹائمز ناؤ ٹی وی چینل پر نشر کئے گئے نفرت انگیز شو ’دیو بھومی اتراکھنڈ پر لینڈ جہاد پر بلڈوزر ایکشن‘ کے خلاف نیوز براڈکاسٹنگ اینڈ ڈیجیٹل اسٹینڈرڈز اتھارٹی میں شکایت درج کرائی ہے۔ انسانی حقوق کےلیے جدوجہد کرنے والی غیرسرکاری تنظیم نے 30 جنوری کو باضابطہ شکایت درج کرکے فرقہ پرست چینل کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔
گودی چینل نے اتراکھنڈ ہائی کورٹ کی جانب سے دیئے گئے فیصلے کے بعد جس میں عدالت نے 4,000 خاندانوں کو ریلوے کی جانب سے دعوی کی گئی زمین سے بے دخل کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کی اجازت دی تھی کے پروگرام نشر کیا تھا۔پروگرام میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز باتیں کہی گئی تھی۔ اس دوران پولرائزنگ تبصرے کیے گئے، اشتعال انگیز ویڈیوز دکھائیں گئے اور مسلم کمیونٹی کو ویلن کے طور پر پیش کرکے انہیں بے عزت کرنے کی کوشش کی گئی۔
سی جے پی نے اپنی شکایت میں زور دیا کہ ٹائمز ناؤ نوبھارت کے ذریعہ نشر ہونے والے شو کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے اور غلط معلومات و جعلی خبریں پھیلانے اور اقلیتی کمیونٹی کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کی پاداش میں سخت کاروائی کی جائے۔


