ہریانہ میں دو مسلم نوجوانوں کو زندہ جلانے کے واقعہ پر اسدالدین اویسی کا سخت ردعمل، کہا مسلمانوں کو منظم طریقہ سے نشانہ بنایا جارہا ہے

حیدرآباد (دکن فائلز) مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے ہریانہ کے بھیوانی میں دو مسلم نوجوانوں کو زندہ جلانے جانے کے معاملہ پر بی جے پی اور مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں مسلمانوں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے دو مسلم نوجوانوں کے قتل کو غیرانسانی فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی حمایت یافتہ گو رکھشک گینگ اس کے لیے ذمہ دار ہے۔
انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’میں ہریانہ میں منظم انداز میں ایک گروہ کے ذریعہ جنید اور ناصر کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ اس واقعہ میں ملوث شخص مونو کو ہریانہ میں بی جے پی حکومت کی سرپرستی حاصل ہے۔ وہ اس واقعے کا ذمہ دار ہے۔ کیا وزیر اعظم اور وزیر داخلہ اس واقعہ کے بارے میں کچھ بات کریں گے؟‘ انہوں نے کہا کہ نہ تو مرکز اور نہ ہی ہریانہ کی بی جے پی حکومت کو اس طرح کے سماج دشمن عناصر کی حفاظت و حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں