تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر کو آج معمولی پیٹ درد کی شکایت کے بعد گچی باؤلی کے اے آئی جی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں نے کے سی آر کے طبی ٹیسٹ کئے۔ کے سی آر کی اینڈوسکوپی اور سی ٹی اسکین کرنے والے ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ انہیں السر ہے جس کی وجہ سے پیٹ میں تکلیف ہے۔ اے آئی جی ہاسپٹلس کے چیرمین ڈاکٹر ڈی ناگیشور ریڈی نے کے سی آر کا معائنہ کیا اور اسپتال میں سی ٹی اسکین و اینڈوسکوپی ٹسٹ کے بعد پتہ چلا کہ پیٹ میں ایک چھوٹا سا السر ہے جس کی وجہ سے درد ہورہا ہے جسے دوا سے کم کیا جا سکتا ہے۔ وہیں ٹسٹ کے دیگر تمام پیرامیٹرز نارمل ہیں۔
قبل ازیں کے سی آر کی اہلیہ شوبھا کی علالت کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر اور ان کی اہلیہ کے طبی ٹسٹ کئے گئے۔
اس دوران کویتا اور وزیر ہریش راؤ نے اتوار کی صبح پرگتی بھون میں سی ایم کے سی آر سے ملاقات کی تھی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز دہلی میں دہلی شراب گھوٹالے کے سلسلے میں ای ڈی کے دفتر میں کویتا سے 8 گھنٹے سے زیادہ پوچھ گچھ کی گئی۔


