آئے روز مختلف ہندو انتہاپسند رہنماؤں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف متنازعہ بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ بی جے پی کے رہنما و رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر نے شرانگیز بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’اویسی جیسے لوگ ملک میں رہے تو تباہی مچ جائے گی، اس لیے مسلمانوں سے ووٹنگ کا ختم ختم کردینا چاہئے‘۔
بہار اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی جاری ہے، ایسے میں بی جے پی کے رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر نے مسلمانوں کے خلاف متنازعہ بیان دیا ہے۔ بہار اسمبلی کے احاطہ میں بیان دیتے ہوئے ہری بھوشن ٹھاکر نے اسد الدین اویسی پر نشانہ لگایا۔ ساتھ ہی کہا کہ مسلمانوں کا حق رائے دہی ختم کر دینا چاہئے!
ہری بھوشن ٹھاکر نے مسلمانوں کے تئیں اپنی نفرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’ملک میں ان لوگوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، اویسی سیمانچل میں گھوم کر مرجائیں گے لیکن انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق اسد الدین اویسی 18 اور 19 مارچ کو بہار کے سیمانچل کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس دوران ایم آئی ایم کی جانب سے علاقہ میں ریلیاں نکالیں جائیں گی۔ ایسا لگتا ہے کہ بہار میں اسدالدین اویسی کی مقبولیت سے بی جے پی رہنما اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئے۔


