مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ماہ رمضان المبارک 1444ھ زیر نگرانی مولانا سید محمد قبول بادشاہ الشطاری قادری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام بمقام خانقاہ کامل مرکزی آستانہ شطاریہ دبیر پورہ میں منعقد ہوا۔ شہر میں چاند نظر نہیں آیا۔ ملک کے بیشتر مقامات بشمول گلبرگہ شریف، دہلی، پٹنہ، لکھنؤ، کولکتہ، سورت، کانپور، پھلواری شریف (پٹنہ) ناندیڑ اور عثمان آباد سے مطلع کہیں صاف، کہیں جزوی ابر آلود ہونے کی اطلاعات ملی ہیں اور چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 23 مارچ بروز جمعرات 30 شعبان المعظم ہوگی۔ اس اجلاس میں مولانا سید محمد قبول بادشاہ القادری الشطاری، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ، مولانا سید اولیا حسینی قادری مرتضـیٰ پاشاہ و دیگر نے شرکت کی۔
ملک کے کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کی اطلاع ہلاک کمیٹیوں کو دی گئی۔ ہندوستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد جمعہ 24 مارچ کو یکم رمضان المبارک ہونے کا اعلان کیا گیا۔ ملک بھر میں جمعہ کو پہلا روزہ رکھا جائے گا جبکہ 23 مارچ کو 30 شعبان المعظم ہوگی۔















