کے سی آر، عتیق احمد سے زیادہ خطرناک: بنڈی سنجے کا سنسنی خیز تبصرہ

متنازعہ بیانات کےلیے مشہور تلنگانہ بی جے پی کے سربراہ بنڈی سنجے نے ایک بار پھر سنسنی خیز بیان دیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے سی آر کے خلاف سنسنی خیز تبصرہ کرتے ہوئے کے سی آر کو عتیق احمد سے زیادہ خطرناک قرار دیا۔

انہوں نے بی آر ایس سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم کے سی آر تمام غنڈوں کے غنڈے ہیں۔ محبوب نگر ایک مارچ کے دوران بنڈی سنجے نے کہا کہ عتیق احمد بندوق کے زور پر لوگوں کو لوٹ رہا تھا تاہم کے سی آر پولیس کی مدد سے لوگوں کی زمینوں کو ہڑپ رہے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ ڈرنے کی کوئی بات نہیں ہے۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ وہ کے سی آر کے خلاف اس وقت تک لڑتے رہیں گے جب تک ان کا مقصد حاصل نہیں ہوجاتا۔

بنڈی سنجے نے کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان پر ٹی ایس پی ایس سی پیپر لیک کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اس کی وجہ سے 30 لاکھ بے روزگار نوجوانوں کے کیریئر کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو انصاف کی فراہمی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سابق رکن پارلیمنٹ و گینگسٹر عتیق احمد اور ان کے بھائی اشرف احمد کو اترپردیش کے پریاگ راج میں سرعام گولی مار کر قتل کر دیا گیا جبکہ انہیں پولیس حراست میں میڈیکل کیلئے لے جایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں