کانگریس کے سینئر رہنما ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ ’وہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی نظریاتی سرپرست راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے لیے کورونا وائرس ہیں‘۔ انہوں نے خود کو ان دونوں گروپس کا شدید مخالف ظاہر کیا۔
رکن پارلیمنٹ ڈگی راجہ نے مدھیہ پردیش کے وزیر و بی جے پی رہنما تلسی رام سلوات کے حالیہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خود کو بی جے پی اور آر ایس ایس کےلیے کورونا وائرس بتایا۔
سلوات نے ڈگ وجئے سنگھ کو کانگریس کا کورونا وائرس قرار دیا تھا۔ مدھیہ پردیش کے وزیر پر جوابی حملہ کرتے ہوئے ڈگی راجہ نے کہاکہ ’ہاں، میں بی جے پی اور سنگھ کے لیے کورونا وائرس ہوں‘۔ وہ سلوات کے بیان سے متعلق میڈیا کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔
اندور کے سلوات کو مرکزی وزیر اور بی جے پی ایم پی جیوترادتیہ سندھیا کا وفادار حامی سمجھا جاتا ہے، جنہوں نے مارچ 2020 میں کانگریس چھوڑ دی تھی۔


