امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کی آئندہ میقات 2023 تا2027 کے لیے ڈاکٹر محمدخالد مبشرالظفر کو ریاست تلنگانہ کا امیرحلقہ مقرر کیا ہے۔
ڈاکٹر محمدخالد مبشرالظفر کا تعلق حیدرآبادسے ہے اور وہ سابق میں ایس آئی او تلنگانہ متحدہ آندھراپردیش کے صدرحلقہ اورجماعت اسلامی ہندشہرحیدرآباد کے ناظم شہر بھی رہ چکے ہیں۔انہوں نے سائنس میں ماسٹرس کے علاوہ ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی اور ملک کی مؤقر یونیورسٹی میں پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
گذشتہ میقات میں وہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے شعبہ ایچ آرڈی کے سکریٹری رہے جبکہ وہ ریاستی شوریٰ کے رکن کے علاوہ موجودہ مجلس نمائندگان کے بھی رکن ہیں۔محترم امیرجماعت سید سعادت اللہ حسینی صاحب نے نوتقررشدہ امیرحلقہ تلنگانہ ڈاکٹرمحمدخالدمبشرالظفرکے حق میں دُعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ اس اہم ذمہ داری کوبحسن وخوبی ادا کرنے کی توفیق بخشے اورانہیں ضروری استعداد وصلاحیت اور صحت وتوانائی عطا فرمائے۔
ساتھ ہی سابق امیرحلقہ جناب حامدمحمدخان کی خدمات کو سراہتے ہوئے دُعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ آپ کی تگ ودواور جہدوسعی کو قبول فرمائے اورذخیرہئ آخرت بنائے۔واضح رہے کہ جناب حامدمحمدخان اس سے قبل دو میقات 2015تا2019 اور 2019تا2023 امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ رہ چکے ہیں۔ بحیثیت امیرحلقہ تلنگانہ آپ کی خدمات بے مثال رہی ہیں۔
