حیدرآباد (دکن فائلز) ریزرو بینک آف انڈیا نے تمام سرکاری وخانگی بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ دو ہزارروپئے کے نوٹوں کا تبادلہ کرنے والے عوام کو تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اِس سلسلہ میں آر بی آئی کے چیف جنرل منیجر انچارج سمن رے نے بینکوں کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ ماضی میں ایک ہزار اور 500 روپئے کے نوٹ تبدیل کرنے کے دوران جو اقدامات کئے گئے تھے اس مرتبہ بھی ان پر عمل کیاجائے گا۔ اُنہوں نے کہاکہ موسم گرما کے پیش نظر کھاتہ داروں کیلئے بینکوں میں ضروری ویٹنگ ایریا، پینے کے پانی کی سہولت اور دیگر اقدامات کئے گئے۔ اُنہوں نے کہاکہ دو ہزارروپئے کے نوٹوں کو بینکوں میں جمع کروانے یا تبدیل کروانے کے تعلق سے آر بی آئی نے جو ہدایتیں جاری کی ہیں اُس پر عمل کیا جائے۔
اسی دوران آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ نوٹوں کی تبدیلی کیلئے مناسب انتظامات کرنے بینکوں کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں۔ اُنہوں نے بتایاکہ نقدی سے نمٹنے کیلئے دو ہزارروپئے کے نوٹوں کو واپس لیاجارہا ہے۔ 2016 میں نوٹوں کی منسوخی کے بعد عوام کو کرنسی کی قلت سے بچانے کیلئے 2 ہزارروپئے کا نوٹ متعارف کرایاگیاتھا ۔ اُنہوں نے بتایاکہ 30 ستمبر تک چلن میں موجود تمام دو ہزارروپئے کے نوٹ آر بی آئی کو واپس ہونے کا امکان ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ لوگوں کے پاس ضرورت سے زیادہ کرنسی ہے۔ دو ہزارروپئے کا نوٹ جمع کرنے کیلئے کوئی خصوصی طریقہ کار نہیں ہے۔ عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔


