کیرالہ کے مندروں میں آر ایس ایس کی شاکھاؤں پر پابندی

حیدرآباد (دکن فائلز) تراونکور دیواسم بورڈ (منادر کمیٹی) نے 2016 میں بھی ایک سرکلر جاری کیا تھا جس کے مطابق مندر احاطوں میں آر ایس ایس کے ذریعہ اسلحوں کی ٹریننگ پر پابندی لگائی گئی تھی۔
کیرالہ کے مندروں میں آر ایس ایس کی شاکھاؤں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کیرالہ میں منادر کمیٹی ’تراونکور دیواسم بورڈ‘ نے ایک سرکلر جاری کرکے منادر میں آر ایس ایس کی شاکھاؤں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔
18 مئی کو جاری کردہ سرکلر کے مطابق بورڈ کے ماتحت آنے والے سبھی مندروں میں اب آر ایس ایس کی شاکھائیں قائم نہیں ہوسکتی۔ آر ایس ایس کو اس کی اجازت نہیں ہوگی۔
سرکلر میں مزید کہا گیا کہ اگر آر ایس ایس سے متعلق سرگرمیاں کسی مندر میں پائی جاتی ہیں تو متعلقہ مندر کے عہدیداروں کے خلاف مناسب کاروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ تراونکور دیواسم بورڈ نے 2016 میں بھی ایک سرکلر جاری کیا تھا جس میں مندر احاطوں میں آر ایس ایس کے ذریعہ اسلحہ کی ٹریننگ دینے پر پابندی لگائی تھی۔ سرکلر میں پوجا و تہواروں کو چھوڑ کر مندر احاطہ کا استعمال کسی دیگر مقصد کے لیے کیے جانے پر روک لگا دی گئی تھی۔
تراونکور دیواسم بورڈ کے تحت تقریباً دیڑھ ہزار منادر ہیں جس کی نگرانی بورڈ کے ذریعہ کی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں