دو ہزار کے نوٹوں کی منسوخی سے عازمین حج کو مشکلات کا سامنا؟

حیدرآباد (دکن فائلز) ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے دو ہزار روپئے کے نوٹوں کو منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد جہاں ایک طرف عام شہری پریشانی میں مبتلا ہوگئے ہیں تو وہیں دوسری طرف عازمین حج کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
حجاج کرام کےلئے سوشل میڈیا پر تازہ اپیلیں جاری کی گئی ہیں جس میں کہا گیا کہ وہ مقدس سفر کے دوران اپنے ساتھ دو ہزار کے نوٹ ہرگز نہ رکھیں کیونکہ اب سعودی عرب ایکسچینج نے ان نوٹوں کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔
سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہ ہوسکی تاہم سوشل میڈیا پیامات میں کہا جارہا ہے کہ سعودی عرب ایکسچینج نے دو ہزار کے نوٹوں کو قبول کرنے سے منع کردیا ہے۔ اپیل میں مزید کہا جارہا ہے کہ اگر عازمین اپنے ساتھ دو ہزار روپئے کے نوٹ لے کر جاتے ہیں تو انہیں سفر حج کے دوران کافی مشکلات ہوسکتی ہیں کیونکہ ہوسکتا ہے کہ سعودی عرب میں بھی تاجر دو ہزار کا نوٹ قبول کرنے سے منع کردیں۔
اپیل میں تمام حاجیوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے تمام دو ہزار کے نوٹوں کو ہندوستان میں ہی تبدیل کروالیں۔
اس طرح کی خبروں کی تصدیق تو نہ ہوسکی لیکن 2016 میں نوٹ بندی کے دوران حج بیت اللہ کا سفر کر چکے حاجیوں کا کہنا ہے کہ انہیں انتہائی تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں