نئی پارلیمنٹ کا وزیراعظم مودی کے ہاتھوں افتتاح، 21 جماعتوں نے کیا تقریب کا بائیکاٹ

وزیراعظم نریندر مودی نے آج پارلیمنٹ کی نئی تعمیر کی گئی عمارت کو ملک کے نام وقف کیا۔ مودی آج صبح سات بجکر 20 منٹ کے آس پاس پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں پہنچے اور مہاتما گاندھی کے مجسمے پر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے نئے پارلیمنٹ ہاؤس میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کے ہمراہ وہاں سینگول نصب کیا۔ سینگول نصب کرنے کے بعد مودی نے تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں لوک سبھا چیمبرمیں منعقد کی گئی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی،لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، ارکان پارلیمنٹ، مختلف وزیر، ریاستوں کے وزراءاعلیٰ اوردیگر سرکردہ افراد موجود تھے۔

راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے نئی پارلیمنٹ میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ کا پیغام پڑھ کر سُنایا۔ ہریونش نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے،کیونکہ یہ امرت کال میں تحریک کا ایک وسیلہ ثابت ہوگا۔ جناب ہری ونش نے کہا کہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ڈھائی سال سے بھی کم کی مدت میں جدید طرز کی نئی پارلیمنٹ تعمیر کی گئی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی نئی عمارت ہم سب کو فخر اور امید سے بھر دے گی۔ مودی نے تختی کی نقاب کشائی کرکے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کو قوم کے نام وقف کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ؛ آج کا دن ہم تمام ہم وطنوں کے لیے ناقابل فراموش دن ہے۔ پارلیمنٹ کی نئی عمارت ہم سب کو فخر اور امید سے بھردینے والی ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ یہ شاندار اور عظیم عمارت عوام کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ملک کی خوشحالی اور صلاحیت کو نئی رفتار اور طاقت فراہم کرے گی۔

کانگریس سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں نے تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ ریاست کی سربراہ ہونے کے ناطے صدر دروپدی مرمو کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کرنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں