حیدرآباد (دکن فائلز) کرناٹک انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی کے بعد سدارامیا کو وزیراعلیٰ بنایا گیا اور ڈی کے شیوکمار کو نائب وزیراعلیٰ مقرر کیا گیا۔ اسی طرح مدھو بنگارپا وزارت تعلیم کی ذمہ داری سونپی گئی۔ وزیرتعلیم بننے کے بعد مدھو بنگارپا نے کہا کہ نصابی کتابوں اور یونیفارم کے تعلق سے کوئی پس و پیش نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ تعلیمی سال کے آغاز پر اسکولوں کو کھولنے کےلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
حجاب پر پابندی سے متعلق وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت اس معاملہ میں اس طرح کا فیصلہ لے گی جس سے تمام طلبا برادری کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں تمام طلبا کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا اور سبھی مذاہب کے طلبا کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔
مدھو بنگارپا نے کہا کہ نصابی کتابوں اور یونیفارم کے تعلق سے کوئی پس و پیش نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ نئے تعلیمی سال سے طلبا بغیر کسی پریشانی کے اسکول آسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں وزیراعلیٰ سدارمیا نے کہا تھا کہ بچوں کے ذہنوں میں زہر بھرنے والے اسباق کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسی سے متعلق سوال پر بنگارپا نے کہا کہ نصابی کتابوں پر نظر ثانی کی مشق مرحلہ وار کی جائے گی۔ کوئی بھی متن جس سے بچوں کے ذہنوں میں زہر گھولنے کا خطرہ ہوگا اسے تبدیل کردیا جائے گا۔
انتخابی مہم کے بعد کانگریس کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد بی جے پی حکومت کے فرقہ وارانہ بنیادوں پر بنائے گئے تمام قوانین بشمول حجاب پر پابندی کو واپس لے لیا جائے گا۔ کچھ روز قبل کابینی وزیر پریانک کھڑگے نے بھی کہا کہ کانگریس حکومت بہت جلد حجاب، حلال اور گائے ذبیحہ جیسے متنازعہ فیصلوں کو واپس لے لیا جائے گا اور قوانین سے پابندی واپس لے لی جائے گی۔
Load/Hide Comments