آر ایس ایس کارکن کا مسلم خواتین کے خلاف قابل اعتراض پوسٹ، مسلمانوں کے زبردست احتجاج کے بعد شرپسند راجو گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) کرناٹک میں مسلم خواتین کے خلاف قابل اعتراض پوسٹ کرنے پر آر ایس ایس کے ایک کارکن کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ بھگوا تنظیم سے وابستہ ملزم نے سوشل میڈیا پر مسلم خواتین کی بیحرمتی کی اور انہیں بچہ پیدا کرنے کی مشین ظاہر کرنے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق کرناٹک پولس نے رائچور ضلع میں ایک آر ایس ایس کارکن کو گرفتار کرلیا جس نے سوشل میڈیا پر مسلم خواتین کے خلاف قابل اعتراض پوسٹ کیا تھا۔ جیسے ہی یہ قابل اعتراض پوسٹ وائرل ہوا، مقامی مسلمانوں نے شرپسند کےخلاف زبردست احتجاج کیا اور اس کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ احتجاجیوں نے پولیس اسٹیشن کے سامنے دھرنا دیا اور ملزم کو اندرون 24 گھنٹے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کی جانب سے کہا جارہا تھا کہ اگر فوری طور پر شرپسن کو گرفتار نہیں کیا جاتا ہے تو بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا جائے گا اور پولیس کو 24 گھنٹوں کی مہلت دی۔
گرفتار شرپسند آر ایس ایس کارکن کی شناخت راجو تمبک کے طور پر کی گئی۔ مسلمانوں کے شدید احتجاج کے بعد پولیس نے فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے شدت پسند راجو کو گرفتار کرلیا۔ راجو کی جانب سے مسلم خواتین کے خلاف متنازعہ پوسٹ کرنے کے بعد علاقہ میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ پولیس نے امن و امان کی برقراری کےلئے علاقہ میں سخت سیکوریٹی انتظامات کئے ہیں۔ فی الحال حالات پرامن بتائے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں