حیدرآباد (دکن فائلز) بالآخر آج مانسون کیرالہ کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ مانسون نے کیرالہ کے ساحلی علاقہ پر جمعرات کو دستک دے دی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کیرالہ میں مانسون کی آمد میں 7 دن کی تاخیر ہوئی ہے جبکہ معمول کے مطابق مانسون کو یکم جون کو ہی پہنچ جانا تھا۔
اب یہ اگلے تین چار دنوں میں کرناٹک اور تمل ناڈو تک پہنچنے کا امکان ہے۔ مانسون مہاراشٹر اور گوا میں ایک ہفتے کے بعد دستک دے سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی شمالی ہندوستان میں اس ماہ کے آخر میں مانسون ملک کی راجدھانی دہلی تک پہنچنے کی امید ہے۔
ہندوستان میں شمال مشرقی علاقے میں آئندہ کچھ روز بھاری بارش کی پیش قیاسی کی گئی جبکہ اگلے 48 گھنٹوں میں مانسون کیرالہ کے تمام علاقوں میں پہنچ جائے گا۔ آج کیرالہ میں مانسون کی پہلی بارش ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوب مغربی مانسون اگلے ہفتے رائلسیما میں داخل ہو جائے گا۔ وہاں سے یہ دو تین دنوں میں دونوں تلگو ریاستوں میں پھیل جائے گا۔
واضح رہے کہ جنوب مغربی مانسون 2022 میں 29 مئی کو کیرالہ کے ساحل سے ٹکرایا تھا، جبکہ 2021 میں یہ 3 جون کو آیا اور 2020 میں یکم جون کو ساحل پر دستک دی گئی۔