آندھراپردیش کے باپٹلا میں بہن کو تنگ کرنے سے منع کرنیوالے 15 سالہ طالبعلم کو زندہ جلا دیا گیا

آندھراپردیش میں بہن کو تنگ کرنے سے منع کرنے والے دسویں جماعت کے طالبعلم کو زندہ جلا دیا گیا جس نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا۔ اطلاعات کے مطابق ضلع باپٹلا میں 15 سالہ طالبعلم امر ناتھ کو زندہ جلا دیا گیا جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ جس وقت امر ناتھ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تو اس نے تین ملزمان کے نام بتائے جن میں وینکی نامی شخص بھی شامل ہے۔
امرناتھ کے لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے طالبعلم کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی جس کے باعث وہ جان کی بازی ہار گیا۔ لواحقین کے مطابق امر ناتھ کی بہن کو 21 سالہ شخص وینکٹشور ہراساں کررہا تھا جس پر دونوں کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق باپٹلا پولیس افسر وکول جندال نے بتایا کہ اس سلسلہ میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے تحت ملزم کے خلاف پروٹیکشن آف چلڈرن فرام سیکچوئل آفینسز ایکٹ (پی او سی ایس او) کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے کیونکہ مقتول کی بہن جسے وینکٹشور مبینہ طور پر ہراساں کرتا تھا وہ بھی نابالغ ہے۔ پولیس افسر وکول جندال کے مطابق واقعہ کی تفتیش و تحقیق کی جا رہی ہے اور ملزم سے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں