انقلابی گلوکار غدر نے براہ راست سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ غدر نے نئی پارٹی، پرجا پارٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے نئی پارٹی کے قیام اور رجسٹریشن کےلئے نئی دہلی میں سنٹرل الیکشن کمیشن کے افسران سے ملاقات کی۔
غدر نے اپنی نئی پارٹی کا نام ’غدر پرجا پارٹی‘ کی رجسٹریشن کے لیے سنٹرل الیکشن کمیشن کے افسران سے بات کی۔ تاہم مرکزی الیکشن کمیشن کے عہدیداروں سے ملاقات سے قبل غدر نے آندھراپردیش تلنگانہ بھون میں امبیڈکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا۔
غدر نے اس موقع پر واضح کیا کہ وہ لٹیروں کی پارٹیوں سے نجات کے لیے پرجا پارٹی تشکیل دینے جارہے ہیں۔ غدر نے تلنگانہ حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ’ میں تلنگانہ کے عوام کے پاس جا رہا ہوں.. ہر گاؤں گاؤں جاؤں گا.. پارٹی کی تعمیر کروں گا.. پارٹی کا جھنڈا اور ایجنڈا عوام طئے کریں گے۔
غدر نے کہا کہ وہ ہم خیال لوگوں کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور وہ آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنہرا تلنگانہ اب بوسیدہ تلنگانہ بن گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے نافذ کی گئی کئی پالیسیاں غلطیوں سے بھری ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ کروڑوں عوام ہیں جو ان کی طاقت ہے۔