ورلڈکپ کا گروپ مرحلہ ختم :کونسی ٹیم سیمی فائنل میں کس ٹیم سے ٹکرائے گی؟

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں اتوار کو ٹیم انڈیا کی نیدرلینڈز کے خلاف جیت کے بعد گروپ مرحلہ ختم ہوگیا۔ ہندوستان میں ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر45 میچز کھیلے گئے، ایونٹ میں شریک 10 ٹیموں نے 9،9 میچز کھیلے۔

گروپ مرحلے کے آخر میں ٹاپ چار ٹیمیں، ہندوستان ، جنوبی افریقا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفا ئی کیا۔ ٹیم انڈیا گروپ اسٹیج میں ناقابل شکست رہا، انڈین ٹیم نے اپنے تمام 9 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

کونسی ٹیم سیمی فائنل میں کس ٹیم سے ٹکرائے گی؟

گروپ اسٹیج کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر ہندوستان پہلے، جنوبی افریقا دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔ ورلڈکپ کے شیڈول کے مطابق پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آنے والی ٹیم سیمی فائنل میں چوتھے نمبر کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔

اسی طرح پوائنٹس ٹیبل کی دوسرے نمبر کی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ٹیم کا سیمی فائنل میں سامنا کرے گی۔ اس حساب سے ہندوستان کا سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کا جنوبی افریقا سے مقابلہ ہوگا۔

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل 15 نومبر کو ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ورلڈکپ کا فائنل 19 نومبر کو ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں