آسٹریلیا چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا، ٹیم انڈیا کی ہار پر ملک بھر کے کرکٹ شائقین میں غم کی لہر

آسٹریلیا آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ کے فائنل میں ٹورنامنٹ کی ناقابل شکست اور میزبان ٹیم انڈیا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا۔ ٹیم انڈیا کی فائنل میچ میں ہار کے بعد ملک بھر کے کرکٹ شائقین میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

آئی سی سی ورلڈکپ کے فائنل میں آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ اور لبوشین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کے ارمانوں پر پانی پھیر کر ورلڈکپ 2023 کا ٹائٹل آسٹریلیا کے نام کروادیا۔

اتوار کو ورلڈکپ کا فائنل احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کے ایل راہول 66 اور ویرات کوہلی 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا نے ہندوستان کو 241 رنز کا ہدف ٹریوس ہیڈ اور لبوشین کی بہترین بیٹنگ کی بدولت 43 اوورز میں پورا کیا، ہدف کے تعاقب میں ہیڈ نے مشکل وقت میں سنچری اور لبوشین نے ففٹی کر کے اپنی ٹیم کو ورلڈکپ جتوانے میں اہم کر دار ادا کیا۔

ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لبوشین نے 58 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں