اونچی آواز میں موسیقی سُننے اور ہیڈ فون لگانا ترک کردیں! معروف گلوکارہ الکا یاگنک قوت سماعت سے محروم

حیدرآباد (دکن فائلز) معروف گلوکارہ الکا یاگنک نے انکشاف کیا ہے کہ وہ قوتِ سماعت سے محرومی کا شکار ہوگئی ہیں اور اس مرض کے لیے اُن کا علاج بھی جاری ہے۔ الکا یاگنک نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنے مداحوں اور دوستوں کے نام خصوصی پوسٹ جاری کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام چاہنے والوں، دوستوں اور فالوورز کو بتانا چاہتی ہوں کہ چند ہفتے قبل، جب میں اپنی فلائٹ سے باہر آئی تو مجھے اچانک محسوس ہوا کہ مجھے کم سُنائی دے رہا ہے لیکن اس واقعہ کے چند دن بعد، میں کچھ بھی سُننے کے قابل نہیں تھی۔

گلوکارہ نے کہا کہ میں یہاں یہ سب اس لیے بتا رہی ہوں کیونکہ میرے مداح اور دوست فکر مند تھے کہ میں اتنے دن سے ٹی وی اسکرین سے کوئی غائب ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ میں نے جب اپنے ڈاکٹر کو تمام صورتحال کے بارے میں بتایا تو ڈاکٹر نے میرے اندر نایاب حسی سماعت کی تشخیص کی، اس مرض میں اکثر مریض ایک کان کی قوتِ سماعت سے محروم ہوجاتے ہیں جبکہ کچھ مریض دونوں کانوں کی قوتِ سماعت سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔

الکا یاگنک نے کہا کہ اس مرض کی تشخیص نے مجھے بہت پریشان کردیا ہے لیکن تمام لوگوں سے درخواست کروں گی کہ اونچی آواز میں موسیقی سُننے اور ہیڈ فون لگانے سے گریز کریں تاکہ آپ کو میری طرح کسی مرض میں مبتلا نہ ہونا پڑے۔

گلوکارہ نے مزید کہا کہ میں اس نازک گھڑی میں اپنے تمام چاہنے والوں کی محبت اور دُعاؤں کی شکرگزار ہوں، مجھے اُمید ہے کہ میں بہت جلد صحتیاب ہوکر سب کے سامنے آؤں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں