معذور افراد کا مذاق اڑانے پر ہربھجن، یوراج کے خلاف کیس

حیدرآباد (دکن فائلز) ٹیم انڈیا کے سابق کھلاڑی یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ اور سریش رائنا ایک بار پھر تنازعات میں گھر گئے ہیں۔ چند روز قبل تینوں کھلاڑیوں کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو میں توبہ توبہ گانے پر انہیں لنگڑاتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ نیشنل ایمپلائمنٹ پروموشن بورڈ فار پرسن ود ڈس ایبلٹیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ارمان علی نے یوراج سنگھ، سریش رائنا اور ہربھجن سنگھ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔

ہربھجن سنگھ، سریش رائنا، یوراج سنگھ اور گورکیرت مان کے خلاف معذور افراد کا مبینہ طور پر مذاق اڑانے پر پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ نیشنل سینٹر فار پروموشن آف ایمپلائمنٹ فار ڈس ایبلڈ پیپل (این سی پی ای ڈی پی) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ارمان علی نے امر کالونی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو شکایت درج کرائی ہے۔

سابق کرکٹرز نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں ٹیم انڈیا کی شاندار جیت کے بعد ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی جس میں یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ اور رائنا لنگڑاتے ہوئے اور پیٹھ کو مضحکہ انداز میں پکڑتے ہوئے دکھائی دیے گئے۔ معذور کارکنان کی تنظیم نے اس ویڈیو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے معذوروں کے لیے شرمناک قرار دیا۔ دریں اثناء ہربھجن سنگھ نے اپنے رویہ پر معذرت کرلی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں