بے پناہ حسین و جمیل ہونے کے سبب خاتون ایتھلیٹ کو پیرس اولمپکس ایونٹ سے باہر کردیا گیا

حیدرآباد (دکن فائلز) حسین و جمیل ہونا کسی بھی خاتون کے لیے باعث فخر ہوتا ہے لیکن پیراگوئین خاتون تیراک لوانا الونسو کا بے پناہ حسن و جمال ان کی خوبی کے بجائے ایک خامی بن گیا۔ پیرس اولمپکس 2024 میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جس میں پیراگوائے کی تیراک لوانا الونسو کو ان کے ہی ملک نے یہ کہہ کر مقابلے سے آؤٹ کردیا کہ وہ بہت خوبصورت ہیں لہٰذا وہ مقابلہ چھوڑدیں اور فوری اپنے گھر لوٹ جائیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لوانا الونسو کی بے پناہ خوبصورتی سے ان کی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کا دھیان بھٹک رہا تھا جس کے بعد انہیں ایونٹ سے ہی بے دخل کردیا گیا۔ وہ اولمپک ولیج کے مراعات سے بھی محروم ہوگئیں اور انہیں ان کے ملک نے واپس بلالیا۔

پیرس اولمپکس کے آغاز سے ہی لوانا الونسو کی بے پناہ خوبصورتی شرکا اور دیکھنے والوں کو مسحور کر رہی تھی اور انہیں اپنی وہ بے مثل خوبی ہی مہنگی پڑگئی۔ ان کے ساتھی ان کے حسن کی تاب لانے سے قاصر تھے اور ان کا دھیان مقابلے کے بجائے لوانا الونسو کی جانب ہی رہتا تھا جس سے مبینہ طور پر ان کی کارکردگی متاثر ہورہی تھی۔

لوانا الونسو نے اپنے وطن پہنچنے کے بعد کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ انہیں کیسے اور کیوں نکالا گیا لیکن انہوں نے تیراکی سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا کو چونکا دیا۔ اپنی ریٹائرمنٹ کے اعلان کے موقع پر بھی لوانا الونسو نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا لیکن انہوں نے مسلسل حمایت کے لیے اپنے مداحوں اور حامیوں کا شکریہ ضرور ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں