حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستان حکومت نے اتوار کی شام باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو ہندوستان کے خلاف شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچ نہیں کھیلے گی، تاہم ٹیم 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہنے والے ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر شرکت کرے گی۔ اس اعلان کے ساتھ ہی گزشتہ ایک ہفتے سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
حکومتِ پاکستان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہاکہ “اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت پاکستان کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2026 میں شرکت کی منظوری دیتی ہے، تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو ہندوستان کے خلاف شیڈول میچ میں میدان میں نہیں اترے گی۔”
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ دراصل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اس اقدام کے خلاف احتجاج ہے، جس میں بنگلہ دیش کے ورلڈ کپ میچز ہندوستان سے منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ پاکستان نے اس معاملہ میں بنگلہ دیش کی کھل کر حمایت کی تھی اور آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں پی سی بی واحد رکن تھا جس نے اس مطالبہ کی حمایت کی۔
اب اس فیصلے کے بعد سب کی نظریں آئی سی سی پر مرکوز ہیں۔ کرکٹ حلقوں میں یہ سوال زور پکڑ رہا ہے کہ دنیا کا سب سے ہائی پروفائل اور تجارتی لحاظ سے اہم میچ نہ ہونے کی صورت میں آئی سی سی کیا لائحۂ عمل اختیار کرے گی۔ اس صورتحال میں گیند اب آئی سی سی کے کورٹ میں ہے۔


