فلسطینی عہدیدار کا اسرائیلی نمائندے کے ساتھ مصافحہ اور تصویر سے انکار: جبریل رجوب نے دنیا کے سامنے اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا (ویڈیو ضرور دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) بین الاقوامی فٹبال تنظیم فیفا کی 76ویں کانگریس کے دوران ایک اہم اور حساس لمحہ اُس وقت سامنے آیا جب فلسطینی فٹبال فیڈریشن کے صدر جبریل رجوب نے اسرائیلی فٹبال ایسوسی ایشن کے نائب صدر بسیم سلیمان کے ساتھ اسٹیج پر آنے، تصویر بنوانے اور مصافحہ کرنے سے انکار کر دیا۔

یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب فیفا کے صدر جینی انفینٹینو نے دونوں نمائندوں کو ایک ساتھ اسٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ رپورٹس کے مطابق انفینٹینو نے رجوب کو قریب آنے کے لیے اشارہ کیا اور انہیں آمادہ کرنے کی کوشش بھی کی، مگر وہ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کی نائب صدر سوسن شالب نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ رجوب نے صاف الفاظ میں کہا کہ وہ ایسے شخص سے ہاتھ نہیں ملا سکتے، جنہوں نے ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام فلسطینی مؤقف اور اصولی موقف کی عکاسی کرتا ہے۔

بعد ازاں انفینٹینو نے اپنے خطاب میں دونوں فریقین پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون کے ذریعے آگے بڑھیں، تاہم فلسطینی حکام نے اس بات پر تحفظات کا اظہار کیا کہ ان کے بنیادی نکات خصوصاً انصاف اور قوانین کی پاسداری کو نظر انداز کیا گیا۔

واضح رہے کہ فلسطینی فٹبال فیڈریشن نے حال ہی میں کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں ایک اپیل دائر کی ہے، جس میں مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی فٹبال کلبز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ عرصے سے بین الاقوامی کھیلوں میں ایک حساس سیاسی مسئلہ بنا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں