حیدرآباد (دکن فائلز) بین الاقوامی کرکٹ اسٹار ڈیوڈ وارنر ایک بار پھر خبروں میں ہیں، لیکن اس بار وجہ ان کی بیٹنگ نہیں بلکہ ان کی بیٹیوں کی ایک دلکش تصویر ہے، جس نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پاکستان سپر لیگ 2026 کے دوران ڈیوڈ وارنر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بیٹیوں کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ پاکستانی روایتی لباس غرارہ اور حجاب میں ملبوس نظر آئیں۔
یہ تصویر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور دنیا بھر کے صارفین نے اس پر محبت بھرے تبصرے کیے۔ کئی لوگوں نے “ماشاء اللہ” کہہ کر بچیوں کی معصومیت اور پردے کی خوبصورتی کو سراہا، جبکہ کچھ صارفین نے اس لباس کو عید کے لیے بہترین قرار دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ وارنر خاندان نے کسی ملک کی ثقافت کو اپنایا ہو۔ وہ جہاں بھی کھیلتے ہیں، وہاں کی روایات کو اپنانے کی کوشش کرتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں دنیا بھر میں خاص مقبولیت حاصل ہے۔
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے، جس میں عورت کے مقام اور اس کی عزت و وقار کو بہت بلند رکھا گیا ہے۔ پردہ اسی عزت کا ایک اہم حصہ ہے۔ پردہ صرف لباس کا نام نہیں بلکہ یہ حیا، وقار اور عزت کا مجموعہ ہے۔ اسلام میں عورت کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی زینت کو چھپائے اور سادگی اختیار کرے، تاکہ معاشرہ پاکیزہ رہے۔
ڈیوڈ وارنر کی بیٹیوں کی یہ تصویر صرف ایک وائرل پوسٹ نہیں بلکہ ایک خوبصورت پیغام بھی ہے کہ حیا، سادگی اور ثقافتی احترام کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔
جہاں ایک طرف اس تصویر کو بے حد پسند کیا گیا، وہیں کچھ حلقوں کی جانب سے تنقیدی تبصرے بھی سامنے آئے۔ تاہم اکثریت نے اس اقدام کو ثقافتی ہم آہنگی اور احترام کی علامت قرار دیا۔


