حیدرآباد (دکن فائلز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل آج (اتوار کی شب) امریکی ریاست نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں عالمی نمبر ایک ارجنٹائن اور عالمی نمبر دو اسپین ٹرافی کے لیے آمنے سامنے ہوں گے۔ شائقین کی نظریں ایک جانب تجربہ کار لیونل میسی پر ہوں گی تو دوسری جانب نوجوان اسٹار لامین یامال اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ رات 12 بجے شروع ہوگا۔ فائنل سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوگی، جس میں امریکی گلوکار پوسٹ میلون، جینیفر ہڈسن، جبکہ ہاف ٹائم شو میں جسٹن بیبر، میڈونا، شکیرا، بی ٹی ایس، برنا بوائے اور دیگر عالمی فنکار اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
فیفا نے اعلان کیا ہے کہ اس مرتبہ فاتح ٹیم کو پہلی بار روایتی ٹرافی اور طلائی تمغوں کے ساتھ خصوصی چیمپئن شپ رنگز بھی دی جائیں گی، جو ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ہوگا۔ اعداد و شمار کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب موجودہ یورپی چیمپئن اسپین اور جنوبی امریکی چیمپئن ارجنٹائن ورلڈ کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ اسی طرح عالمی رینکنگ کی پہلی اور دوسری نمبر کی ٹیمیں بھی پہلی مرتبہ فائنل میں ایک دوسرے کا مقابلہ کریں گی۔
اگر ارجنٹائن کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ 2021 کا کوپا امریکہ، 2022 کا ورلڈ کپ، 2024 کا کوپا امریکہ اور 2026 کا ورلڈ کپ جیت کر مسلسل چار بڑے عالمی ٹائٹل اپنے نام کرنے والی تاریخ کی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ دوسری جانب اگر اسپین ٹائٹل جیتتا ہے تو وہ ایک ہی وقت میں مردوں اور خواتین دونوں کے عالمی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کر لے گا۔
فائنل کی وجہ سے نیویارک اور نیو جرسی میں ہوٹلوں کے کرائے بھی کئی گنا بڑھ گئے ہیں۔ معمول کے 150 سے 500 ڈالر فی رات والے کمرے اب 1500 سے 4500 ڈالر تک میں دستیاب ہیں، جس سے دنیا بھر سے آنے والے شائقین کو اضافی اخراجات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


