شعیب اختر کی پہلی بار دوسری شادی اور اہلیہ سے متعلق گفتگو

حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور فاسٹ بولر شعیب اختر نے حالیہ انٹرویو میں پہلی بار اپنی نجی زندگی کا تذکرہ کرتے ہوئے اپنی اہلیہ، بچوں اور دوسری شادی کے حوالے سے کُھل کر بات کی۔

حال ہی میں شعیب اختر نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے علاوہ شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس سے قبل اپنی شادی کے حوالے سے میڈیا پر بات کیوں نہیں کی۔ میزبان کے شادی اور بچوں سے متعلق سوال پر بتایا کہ ان کی شادی ان کے والدین کی مرضی سے اور اچانک ہوئی تھی۔

انہوں نے تفصیل سے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی والدہ کے بہت خدمت گزار بیٹے ہیں اور کبھی ان کی کوئی بات رد نہیں کی، جس کی وجہ سے انہیں زندگی کے ہر معاملے میں بہت آسانیاں ملیں اور تمام خواہشات پوری ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ جس وقت حج پر گئی ہوئی تھیں اس وقت ان کی ساس بھی والدہ کے ساتھ ہی تھیں اور انہوں نے میری والدہ کو پیرنی سمجھ کر ان کی بہت خدمت کی۔

شعیب اختر کے مطابق ان کی والدہ نے ان کی ساس کو بتایا کہ وہ پیرنی نہیں بلکہ شعیب اختر کی والدہ ہیں، جس کی وجہ سے لوگ ان سے ملنے آتے ہیں اور ان کا احترام کرتے ہیں۔ بعدازاں حج سے واپسی پر والدہ نے حج کی دعوت پر ان لوگوں کو بھی مدعو کیا اور وہاں پہلی بار مجھے میری ہونے والی اہلیہ سے ملوایا، جو کہ عمر میں مجھ سے کافی چھوٹی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ملاقات کے بعد ان کی شادی انتہائی سادگی سے طے ہوگئی، جس میں دونوں خاندانوں کے چند افراد نے شرکت کی اور وہ دلہن کو بیاہ کر گھر لے آئے۔

دوسری شادی کے حوالے سے شعیب اختر کی گفتگو
شعیب اختر سے دوسری شادی پر ان کی رائے پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ اسلام ایک سے زیادہ شادیوں کی اجازت دیتا ہے، لیکن وہ محسوس کرتے ہیں کہ مرد کو ایک ہی شادی پر قائم رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لڑکی اپنا گھر چھوڑ کر آتی ہے اس لیے شوہر کو ہمیشہ اس کا وفادار، مہربان بن کر اس کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسا شخص نہیں ہوں جو کبھی دوسری شادی پر غور کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں