ہندوستان میں مسلمانوں کے حقوق سے متعلق سوال پر وزیراعظم مودی نے کہا ’ملک میں مذہبی تفریق کے لیے کوئی جگہ نہیں‘ (ویڈیو دیکھیں)

(دکن فائلز ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی جو امریکہ کے دورہ پر ہیں سے وائٹ ہاؤس میں امریکی میڈیا نے ایک ملاقات کے دوران ہندوستان میں جمہوریت، اقلیتوں کے حقوق اور آزادی رائے کے حق سے متعلق سوالات کیے۔


جب میڈیا کے نمائندوں نے ہندوستان میں مسلمانوں کے حقوق کے بارے میں پوچھا تو وزیراعظم مودی نے کہا کہ آپ کے سوال نے مجھے حیران کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک سب سے بڑا جمہوری ملک ہے اور جمہوریت کی روح ان کے خون میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جمہوری جذبے کی سانس بن کر زندہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت وہ ہے جو ہندوستان کے آئین میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے بغیر جمہوریت کا تصور نہیں ہے۔
وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ہندوستان میں مذہب، ذات پات کی کوئی تفریق نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس ان کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت میں مذہب، ذات پات، علاقہ اور عمر سے بالاتر ہو کر سب کے لیے یکساں رسائی ہو گی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ایک پریس کانفرنس میں جب اُن سے یہ سوال کیا گیا کہ ’کیا وہ اپنے ملک میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کی بہتری اور اظہار رائے کی آزادی کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کرنے کے لیے تیار ہیں؟‘ تو نریندر مودی کا کہنا تھا کہ انہیں بہتر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے صحافیوں کو جواب دیا کہ ’ہمارے آئین، ہماری حکومت اور ہم نے ثابت کر دیا ہے کہ جمہوریت ڈیلیور کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری حکومت میں ذات، عقیدہ، مذہب، جنس، کسی تفریق کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں