ٹماٹر کی سب سے زیادہ پیداوار کرنے والے تلگو ریاستوں آندھراپردیش و تلنگانہ میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ حیدرآباد میں ٹماٹر 120 روپئے فی کیلو فروخت ہورہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مقامی بازاروں میں ٹماٹر و دیگر سبزیوں کی کمی کے بعد بنگلور اور شولاپورسے ٹماٹر اور دیگر سبزیاں حیدرآباد کے بازاروں میں لائی جارہی ہیں، جس کی وجہ سے قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔
مارکیٹ ذرائع نے اس حوالے سے بتایا کہ موسمی حالات کی وجہ سے ٹماٹر کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے طلب بڑھتے ہی اس کی قیمت بھی بڑھ گئی۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ وہیں مدھیہ پردیش کے رائزن ضلع میں ٹماٹر کی قیمت سب سے زیادہ دیکھی گئی۔ یہاں ایک کیلو ٹماٹر کی قیمت 160 روپے بتائی گئی۔ اسی طرح ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ٹماٹر کی قیمت میں زبردست اضافہ ہوا ہے 5 تا 10 روپئے کیلو ملنے والے ٹماٹر کی قیمت اب 120 روپئے تا 150 روپئے فی کیلو ہوگئی ہے۔
ٹماٹر و دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کے نتیجہ میں عوام میں تشویش پیدا ہوگئی ہے اور عام آدمی اس سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس طرح اچانک قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ سے عوام فکرمند ہیں۔
اترپردیش میں بھی ٹماٹر کی قیمتوں میں غیرمعمولی اصافہ ہوا، یہاں عام دکانوں میں ٹماٹر 80 تا 100 روپئے میں فروخت ہورہے ہیں۔
اس سلسلہ میں ریاستی و مرکزی حکومتوں کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے اندر قیمتوں میں کمی ہوگی۔ واقعی ایسا ہوتا ہے تو عوام کو بڑی راحت ملے گی۔


